نیشنل بینک کا قبل از ٹیکس منافع نو ماہ میں26.2 فیصد اضافے کے ساتھ 29.2 ارب روپے ہوگیا

215
نیشنل بینک
نیشنل بینک کے بعد از ٹیکس منافع میں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 121 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان کا قبل از ٹیکس منافع بڑھ کر 29.2 ارب روپے ہوگیا۔ این بی پی کے مالیاتی اعدادو شمار کے مطاب 2019ء میں جنوری تا ستمبر بینک کی مجموعی آمدن میں 20.3 فیصد اضافہ ہوا اور آمدن 79.4 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران بینک کی مجموعی آمدنی 66 ارب روپے رہی تھی۔رواں سال کے نو ماہ کے لئے این بی پی کے قبل از ٹیکس منافع میں 26.2 فیصد اضافہ ہوا اور قبل از ٹیکس منافع 29.2 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ سال 2018ء میں جنوری تا ستمبر بینک نے 23.1 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع کمایا تھا ۔ اس گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال کے ابتدائی نو مہینوں کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان کے قبل از ٹیکس منافع میں 6.1 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ این بی پی کے مالیاتی اعدادو شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران بینک کے بعد از ٹیکس منافع میں ایک فیصد اضافہ ہوا ہے اور جنوری تا ستمبر 2019ء کے لئے این بی پی کا خالص منافع 16.3ارب روپے رہا ہے جبکہ جنوری تا ستمبر 2018ء کے لئے نیشنل بینک آف پاکستان نے 16.2 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع کمایا تھا۔رپورٹ کے مطابق بینک کی خالص آمدن میں کمی کا سبب ٹیکسز میں اضافہ ہے جو 30 فیصد سے 44 فیصد تک بڑھ گئے۔ این بی پی نے اپنے حصہ داروں کے لئے 7.68 روپے فی حصص آمدن کی منظوری دی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے لئے 7.60 روپے فی حصص رہی تھی۔