لاہور۔29اپریل (اے پی پی):نیشنل سکول آف پبلک پالیسی(این ایس پی پی)میں منگل کے روز مصنفہ کرن خورشید کی کتاب National Management Course ” A Journey Together کی شاندار تقریبِ رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔یہ کتاب منصفہ نے ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر کی ایما پر تحریر کی،اس کتاب کا مقصد ادارے کے افسران کی تربیت کے حوالے سے ادارے کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔یہ کتاب ریکٹر ڈاکٹر کی دیگر کاوشوں کی ایک کڑی ہے۔تقریب میں ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر،سابق ڈین سٹاف کالج نعیم اسلم کے علاوہ سابق پرنسپل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج خالد محمود ،سابق وفاقی سیکرٹری سہیل احمد نے بھی کتاب پر اظہار خیال کیا۔تقریب میں سٹاف کالج کے اساتذہ، فیکلٹی ممبران و دیگر افسران نے شرکت کی۔اپنے ابتدائیہ خطاب میں ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا کہ این ایس پی پی روز اول سے ہی ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے
پالیسی سازی سے متعلق تحقیق و تجزیے کی مہارتیں،عوامی پالیسی کے عملی مسائل و چیلنجز،جدید طرزِ حکمرانی اور عوامی پالیسی کے تصورات و مسائل،عوامی پالیسی کی تشکیل کے طریقہ کار اور عمل،افسران کی اسٹریٹجک سوچنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اس ادارے نے ہزاروں سول سرونٹس کو تربیت فراہم کی تاکہ وہ میدان عمل میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں،ملکی و بین الاقوامی سطح پر اس ادارے سے تربیت حاصل کرنے والے افسران اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد کتاب کی مصنفہ کرن خورشید کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ افسران کی تربیت کے حوالے سے ادارے کے کردار کو روشناس کروانا بھی ہے ،ریکٹر نے اپنے خطاب میں میں بتایا کہ کرن خورشید نے انتہائی محنت اور لگن سے اس شاندار تاریخی کتاب کو مکمل کیا،اس کتاب میں پہلے سٹاف کالج کورس سے122 سٹاف کالج کورس کی تاریخ بیان کی گئی ہے
اور کتاب شاندار تصاویر اور ماضی کی یادوں کا مجموعہ ہے۔سابق ڈین سٹاف کالج نعیم اسلم نے کہا کہ ہم نے1978 میں اس کالج کوجوائن کیا،اس کالج میں گزرے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے اساتذہ نے ہماری کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ میں ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس ادارے کو ایک نئی شناخت دی۔انہوں نے مصنفہ کو کتاب لکھنے پر مبارکباد دی اور حوصلہ افزائی کی۔سابق وفاقی سیکرٹری سہیل احمد نے کہاکہ بہت خوشی ہے کہ مجھے آج یہاں آنے کا موقع ملا،یہ کالج گزشتہ6 دہائیوں سے اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے ،ہم نے بھی اپنا وقت گزارا لیکن مصنفہ نے اپنی کتاب کے ذریعے ہمیں اپنا ماضی یاد کرا دیا،میں پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس شاندار کتاب کو عملی شکل دی۔پرنسپل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج خالد محمود نے کہاکہ نیشنل مینجمنٹ کورس کا مقصد وفاقی و صوبائی سول سروسز کے سینئر افسران کو عوامی پالیسی کی تشکیل اور نفاذ سے متعلق عوامل کو سمجھنے کے قابل بنانا ہوتا ہے
تاکہ انہیں قومی سطح پر پالیسی سازی کے فرائض کیلئے تیار کیا جا سکے،اس حوالے سے نیشنل سکول آف پالیسی ایک بہت شاندار کردار کا حامل ہے۔انہوں نے کتاب لکھنے پر مصنفہ کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہاکہ یہ کتاب کالج کے تاریخی نوادارات کا ایک مجموعہ ہے۔قبل ازیں کتاب کی مصنفہ کرن خورشید نے کتاب کے خدوخال کے بارے میں شرکا کو آگاہی دی اور بتایا کہ کتاب تاریخی اور رنگین تصاویر پر مشتمل ہے ،جس میں6 مختلف رنگ استعمال کئے گئے ہیں،کتاب میں پہلے سٹاف کالج کورس سے ایک سو بائیسویں سٹاف کالج کورس کی تاریخ بیان کی گئی ہے،تقریب کے شرکا کو ڈاکومنٹری کے ذریعے کتاب سے متعارف بھی کروایا گیا۔تقریب کے آخر میں شرکا نے کالج کے نئے تعمیر شدہ بلاک اور صادقین گیلری کا دورہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589864