نیشنل فیسلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ،فارن ڈائریکٹ ا نوسٹمنٹ بڑھانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معیشت کی بہتری کیلئے اہم قدم ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال کی نیوز کانفرنس

108
احسن اقبال
نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کے ستارے ہیں،پبلک سیکٹر کے دروازے ہونہار نوجوانوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل فیسلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم نے کی، اجلاس میں عسکری حکام اور صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے شرکت کی،کونسل کےقیام کا مقصد ملک میں فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ملک کے اہم شعبوں بشمول زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ تمام وزارتوں اور اہم ریاستی اداروں کی مکمل شرکت کے ساتھ عمودی اور افقی طور پر پوری حکومت تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا مقصد رکاوٹوں کو دور کر کے ایف ڈی آئی کے عمل کو ہموار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ویزوں کے اجراء سے متعلق تمام مسائل ایس آئی ایف سی کے بینر تلے حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی شعبے کو بھی ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو خصوصی ترغیب دی جارہی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات کو بڑھانے، جوائنٹ وینچرز کو فروغ دینے اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک قابل عمل طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معدنیات ایس آئی ایف سی کے تحت ایک اور ترجیحی شعبہ ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء علامت ہے کہ ایک بڑی کان کنی کمپنی ریکوڈک منصوبے پر کام کر رہی ہے جو دنیا بھر میں کان کنی کے منظر نامے پر پاکستان کی موجودگی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کی صنعت کی بے پناہ صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس صنعت کو ایس آئی ایف سی کے زیراہتمام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان پستول سے لے کر ٹینک اور ہوائی جہاز تک کا ہائی ٹیک ملٹری ہارڈویئر تیار کر رہا ہے جو نہ صرف اس کی دفاعی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ ملک ان ہتھیاروں کو برآمد بھی کرتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ترقی کیلئےہرملک ایسا ماحول پیداکرتا ہے کہ فارن ڈائریکٹ ا نوسٹمنٹ کو لایا جا ئے،نواز شریف کے دور میں سی پیک منصوبے کا آغاز ہوا،سی پیک سے پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بنا،سی پیک کے تحت ہزاروں میگاواٹ کےبجلی منصوبے شروع ہوئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور میں سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچایا،اب پاکستان کے پاس دوبارہ معیشت کی بحالی کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سےسٹاف لیول معاہد ہ ہو گیا ہے، آئی ایم ایف معاہدےسےپاکستانی معیشت پرمثبت ا ثرات نظرآرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک فرد کی میراث نہیں یہ ہم سب کا ملک ہے،بیرونی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا،ایس آئی ایف سی میں وفاق اور صوبے شامل ہیں ،ایس آئی ایف سی کےذریعےسرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،زرعی شعبے کو جدیدٹیکنالوجی سے آگے بڑھائیں گے،ملک میں سبز انقلاب کیلئے منصوبہ بنایا گیا ہے،توانائی کاشعبہ بڑی اہمیت کاحامل ہےجسےقابل تجدیدتوانائی ذرائع کی طرف لے جانا چاہتے ہیں،انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبےکیلئےروڈ میپ بنایا گیا ہے تاکہ اس میں سرمایہ کاری بڑھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے مالامال ہے،اس شعبے پر خاص توجہ دینےکی ضرورت ہے،معدنیا ت کے شعبے کےفروغ کیلئے ایک روڈ شو منعقد کیا جا ئے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے کو ترقی دیں گے،دفاعی مصنوعات کو برآمدکرکےزرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے،ایس آئی ایف سی سے پاکستان کی ترقی کا ایک نیا دروازہ کھلے گا،تاجروں کےویزا کے حوالے سےمسائل کوحل کیاجائے گا،ایس آئی ایف سی برآمدات کےفروغ کیلئے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گی۔