نیشنل لائبریری آف پاکستان ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹل لائبریری قائم کرے، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو

249

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):نیشنل لائبریری آف پاکستان (این ایل پی) ڈیجیٹل لائبریری کی خدمات حاصل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے کیونکہ قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن نے این ایل پی سے کہا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹل لائبریری قائم کرے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں نیشنل لائبریری آف پاکستان کا دورہ کیا اور طلباء اور محققین کو ڈیجیٹل خدمات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کے لئے پریزنٹیشن حاصل کی۔

انہوں نے این ایل پی انتظامیہ کو لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور انہیں مطلوبہ سہولیات کے حصول کے لئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل لائبریری آف پاکستان کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کررھے ہیں۔ ڈیجیٹل لائبریری کے منصوبے کے علاوہ این ایل پی انتظامیہ کو طلباء اور محققین کے لیے انٹرنیٹ کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ نیشنل لائبریری آف پاکستان میں کتاب پڑھنے کے کلچر کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف سکیمیں شروع کی جائیں گی۔

ڈیجیٹل لائبریری محققین کو مختلف مضامین میں الیکٹرانک طور پر اہم متن اور حوالہ جاتی کتابوں تک رسائی حاصل کرنے اور اپنے شعبے میں فائدہ اٹھانے کی اجازت دے گی۔مشیر نے کہا کہ این ایل پی کے پاس اس مقصد کے لیے 1900 مربع فٹ کا ایک ہال دستیاب ہے جبکہ انہیں کچھ سامان اور ضروری عملے کی ضرورت ہے جس کے لیے انہیں ہیریٹیج ڈویژن سے مکمل تعاون حاصل ہوگا، مشیر نے کہا کہ یہ سہولیات پاکستان کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں محققین کو فراہم کی جائیں گی۔

الیکٹرانک (آن لائن) ترسیل پر مبنی بین الاقوامی علمی ادب تک رسائی کے ساتھ غیر منافع بخش تحقیق اور ترقی کی تنظیمیں بھی اس سے مستفید ہوسکیں گی۔لائبریری میں کل 300,000 کتابوں کا ذخیرہ تھا اور 1962 سے 2015 تک پاکستان نیشنل ببلیوگرافی کی 47 جلدیں بھی شائع کی گئیں۔ لائبریری نے 1985 سے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ بک نمبرز (ISBN) سسٹم کے تحت 2800 پبلشرز کو بھی رجسٹر کیا اور 2002 سے 227710 قارئین کو سہولت فراہم کی۔پاکستان کے تمام شائع شدہ ادبی ورثے کے لیے نیشنل لائبریری ایک قانونی ذخیرہ ہے۔ یہ ملک کے سب سے بڑے علمی وسائل کے مرکز کے ساتھ ساتھ ملک میں لائبریری کی ترقی کے لئے کام کرتا ہے۔

لائبریری انسانی علم کے اہم ذخیرے، قومی ادبی ورثے کا جامع ذخیرہ تیار کرنے اور پاکستان میں علم پر مبنی معاشرے کے فروغ کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔لائبریری قومی کتابیات کے کنٹرول کے لیے ذمہ دار ہے اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کے استعمال کے لیے ملک کے ادبی ورثے کو محفوظ رکھتی ہے۔

پاکستان، اس کی ثقافت، لوگوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تصنیف کردہ کتابوں کے بارے میں اشاعتوں کا ایک وسیع ذخیرہ پاکستان کی نیشنل لائبریری کا ایک بڑا حصہ ہے۔ مجموعہ کا ایک اہم حصہ نایاب کتابوں پر مشتمل ہے۔