نیشنل لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے، انجینئر امیر مقام

241

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق نیشنل لائبریری آف پاکستان کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ منگل کو نیشنل لائبریری آف پاکستان کے دورے کے موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر استحکام لانے کی کوششیں کر رہی ہے جبکہ ایک شخص انتشار پھیلانے میں مصروف ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قوم ان لوگوں کو مسترد کر دے جو قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے معاشی استحکام کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے نیشنل لائبریری کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ طلباء اور محققین کو سہولیات فراہم کریں اور طلباء اور محققین کی سہولت کے لیے لائبریری میں انٹرنیٹ کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران نیشنل لائبریری کو جدید بنانے کے لیے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے۔ انجینئر امیر مقام نے عہدیداروں کو ڈیجیٹل لائبریری کی تجویز پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے نیشنل لائبریری آف پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات کریں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نیشنل لائبریری کو مزید مفید اور فعال بنانے کے لیے مزید اسکیمیں شروع کی جائیں گی، لائبریری ہماری ثقافت اور تہذیب کا ایک لازمی حصہ ہے۔اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن شہزاد درانی اور ڈویژن اور لائبریری کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔اپنی پریزنٹیشن میں نیشنل لائبریری کے حکام نے کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں اور لائبریری کے ملازمین اور طلباء کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لائبریری میں کل 300,000 کتابوں کا ذخیرہ ہے اور 1962 سے 2015 تک پاکستان نیشنل ببلیوگرافی کی 47 جلدیں بھی شائع کی گئیں۔لائبریری نے 1985 سے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ بک نمبرز سسٹم کے تحت 2800 پبلشرز کو بھی رجسٹر کیا اور 2002 سے اب تک 227710 قارئین کو سہولت فراہم کی۔