اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے سیالکوٹ کی کاروباری حلقے اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے سیالکوٹ ڈرائی پورٹ سمبڑیال کو ٹی آئی آر (بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ) کے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے جس سے برآمد کنندگان کو وسطی ایشیا، روس اور دیگر وسیع منڈیوں تک براہ راست رسائی حاصل ہو گئی ہے۔
بدھ کو این ایل سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ سمبڑیال کے ٹی آئی آر مرکز کے طور پر فعال ہونے سے برآمد اور درآمد کنندگان اب ہر قسم کا تجارتی سامان وسطی ایشیا اور روس تک بغیر کسی رکاوٹ کے برآمدکر سکتے ہیں۔ این ایل سی کی اس سروس کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ پورے سفر کے دوران سیل شدہ کنٹینروں کو ٹرکوں کی تبدیلی یا دوسرے ممالک کی سرحدوں پر سامان کی دوبارہ لوڈنگ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تجارتی سامان کی دوران سفر مکمل نگرانی اور انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اہم پیش رفت کا آغاز این ایل سی کے ٹرکوں کے پہلے قافلے کی ازبکستان اور روس کی جانب روانگی سے ہوا۔ اس موقع کی مناسبت سے سیالکوٹ ڈرائی پورٹ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ، این ایل سی اور کسٹمز حکام سمیت کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، چمڑے اور دیگر صنعتوں سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کاروباری حلقے کے نمائندوں نے این ایل سی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سروس سے ترسیل کے دورانیے اور لاگت میں نمایاں کمی واقع ہوگی جس سے پاکستانی برآمدات کی علاقائی منڈیوں میں مسابقتی حیثیت میں اضافہ ہوگا برآمد کنندگان نے این ایل سی کی علاقائی منڈیوں تک نقل و حرکت کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی آر سروس کے اجراسے پاکستان کے تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ این ایل سی علاقائی روابط کے فروغ میں پیش پیش رہا ہے جو بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ نظام اور دوطرفہ تجارتی معاہدوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی برآمدات کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران این ایل سی نے علاقائی منڈیوں تک ترسیل کے 1,000 سے زائد آپریشنز کامیابی سے مکمل کئے ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559702