نیشنل لان بال چیمپئن شپ آئندہ ماہ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی

95

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی)نیشنل لان بال چیمپئن شپ آئندہ ماہ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، میزبانی کے فرائض اسلام آباد لان بال ایسوسی ایشن انجام دے گی۔ اسلام آباد لان بال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان اسلام آباد وائٹ، اسلام آباد گرین، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے علاوہ مختلف محکموں کی ٹیمیں شامل ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی، چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ پاکستان لان بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مقصود وسیم نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ٹیموں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیمیں 20 اکتوبر سے قبل اپنی شرکت کی تصدیق کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں چار کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز اور لیڈیز ڈبلز کے مقابلے شامل ہیں۔