اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے بورڈ آف مینجمنٹ کا 27 واں اجلاس جمعہ کو اسلام آبادہیڈ کوارٹر میں ہوا ۔اجلاس میں یکم ستمبر 2023 کو ہونے والی پچھلی میٹنگ کے بعد ایجنڈے کے اہم آئٹمز پر حاصل ہونے والی جامع پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔
نیوٹیک کے چیئرمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس اجلاس کا آغاز بورڈ آف مینجمنٹ کے لیے نئے چیئرمین کے انتخاب سے ہوا ۔اس دوران اراکین نے متفقہ طور پر سید جنید اخلاق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم کو چیئرمین منتخب کیا۔اجلاس میں26ویں میٹنگ میں منظور کی گئی قراردادوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نےتازہ اپڈبٹس کے بارے میں ممبران کو آگاہ کیا ۔
ممبران نے نیوٹیک کے تربیتی پروگراموں، گلوبل سکل میپنگ اور ای لرننگ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ اداروں کی رجسٹریشن، الحاق اور سرٹیفکیٹ اٹیسٹیشن کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر غور کیا، جس کا مقصد ٹیوٹ گورننس کے نظام کو بہتر بنانا تھا۔اس دوران ملازمین کے ضوابط، الاؤنسزاور ترقیوں کے حوالے سے پیش کردہ سفارشات میں کام کے سازگار ماحول کے لیے ادارے کے عزم کو دہرایا گیا ہے۔
کچھ ایجنڈا آئٹمز کو تفصیلی جائزہ کے لیے ایچ آرکمیٹی کو بھیجا گیا جس کا اجلاس 13 دسمبر 2023 کو ہوا۔بورڈ کے نئےچیئرمین نے خاص طور پر ٹیوٹ سیکٹر کے لیے ایک متبادل فنانسنگ میکانزم متعارف کرانے میں نیوٹیک کے ای ڈی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات حکومت کے خزانے پر بوجھ کو کم کریں گےاور نجی شعبے کی شمولیت پاکستان میں ٹیوٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔