اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹرینگ کمیشن کے 113 طلبہ کی چین کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم و صنعتی اداروں میں تربیت کے حوالہ سے سکالرشپ کیلئے سلیکشن کے بعد ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔
پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے چینی-کمرشل کلچر-ٹیکنیکل ٹریننگ ایمپلائمنٹ کے تعاون سے نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے لئے سینٹر آف ایکسیلنس H-9، اسلام آباد میں بین الاقوامی چینی سکالرشپ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پاک-چین مشترکہ ڈگری/ڈپلومہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنا تھا جو چینی-کمرشل کلچر-ٹیکنیکل ٹریننگ ایمپلائمنٹ اقدامات کا حصہ ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے صنعتی تعاون کے لئے اعلیٰ معیار کی ہنر مند پاکستانی صلاحیتوں کی تربیت کی جائے گی اور پاکستانی نوجوانوں کے کیریئر کی ترقی کی سطح کو بڑھایا جائے گا۔
اس پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹرینگ کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں مختلف شعبوں میں زیر تربیت 113 طلبہ کا انتخاب مختلف امتحانات کے بعد کیا گیا جس میں پہلے مرحلے میں ان طلبہ کو مقامی سطح پر 8 ماہ کا چینی زبان کا کورس کرایا گیا پھر چینی اساتذہ نے ان کا آن لائن ٹیسٹ لیا جس میں پاس ہونے والے 113 طلبہ کو چین سے ایک سال کی تربیت کیلئے چنا گیا۔ان طلبہ میں 11 طالبات کی بھی سلیکشن ہوئی ہے۔
یہ 113 طلبہ پہلے چین کی بہترین یونیورسٹیوں سے اپنے اپنے شعبوں میں ہنر کی اعلی ترین تربیت حاصل کریں گے پھر چین کے اعلیٰ ترین صنعتی اداروں میں پریکٹیکل تربیت حاصل کریں گے اور جو طلبہ ان کے معیار پر پورا اتریں گے انہیں وہیں ملازمت مل جائے گی۔