راولپنڈی۔14مئی (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں انونسیبلز نے کانکررز اور اسٹرائیکرز نے اسٹارز کو شکست دے دی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انونسیبلز نے کانکررز کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ کانکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ انونسیبلز کی جانب سے نیہا شرمین نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انونسیبلز نے مطلوبہ ہدف 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
عائشہ ظفر نے 47 رنز بنائے جبکہ عمیمہ سہیل نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز کا قیمتی اضافہ ہوا۔ میچ میں عمدہ باؤلنگ پر نیہا شرمین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اوول اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں اسٹرائیکرز نے اسٹارز کو بآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ طوبیٰ حسن 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ اسٹرائیکرز کی جانب سے عائشہ بلال اور انعم امین نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں اسٹرائیکرز نے مطلوبہ ہدف 13ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گل فیروزہ نے 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ایمان فاطمہ اور نورین یعقوب نے 28 ، 28 رنز بنائے۔ نورین یعقوب کو بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597019