نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ ، لاہور ، کراچی اور ملتان نے اپنے میچز جیت لئے

72
National Women's T20 Tournament

راولپنڈی۔23جنوری (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور نے راولپنڈی ، کراچی نے پشاور اور ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی ۔ منگل کو شعیب اختر کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے راولپنڈی کو 20 رنز سے ہرا دیا ، لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ، سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے ، ندا ڈار 26 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں ، وحیدہ اختر نے تین وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں راولپنڈی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی، نتالیہ پرویز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، سدرہ امین اور نتالیہ پرویز کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے پشاور کے خلاف باآسانی 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ، پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے ، تہذیب شاہ 33 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، عروب شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں کراچی نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ، جویریہ خان نے 49 اور یسریٰ عامر نے 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں ملتان نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی ، کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے، دعا ماجد اور صائمہ ملک 23 ، 23 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، نور الایمان اور تسمیہ رباب نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں ملتان نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ، علینہ مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 54 رنز بنائے ، انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔