اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام "پراجیکٹ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے ممتاز بین الاقوامی ماہر ڈاکٹر رومانو ایلیونے (Dr. Romano Allione) نے شرکت کی اور شرکا کو پراجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق موثر حکمت عملی اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔سیمینار میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد وسیم یونس، جنرل منیجرز اور چیف انجینئرز سمیت این ٹی ڈی سی کے افسران نے شرکت کی۔
ڈاکٹر رومانو ایلیونے نے پریزنٹیشن میں تربیلا ڈیم اور دنیا بھر میں دیگر منصوبوں پر کام کے دوران ہونے والے اپنے تجربات بیان کیے اور ان منصوبوں کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔انہوں نے شیڈول کے مطابق منصوبوں کی تکمیل اور وسائل کے بہتر استعمال کیلئے موثر پراجیکٹ مینجمنٹ، اونرشپ اور مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، تنازعات سے بچنے کے لیے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور تنازعات کے فیصلوں سے متعلق معاہدے کی اہم شقوں کی بھی وضاحت کی۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے بھی پراجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مناسب ہوم ورک ناگزیر ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر رومانو کی مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ این ٹی ڈی سی افسران لیکچر کے دوران پیش کئے گئے طریقہ کار کو پراجیکٹ مینجمنٹ کے اصولوں میں شامل کریں۔
منیجنگ ڈائریکٹر، انجینئر محمد وسیم یونس نے بھی ڈاکٹر رومانو کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ این ٹی ڈی سی افسران کو ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔اس موقع پر ڈاکٹر رومانو ایلیونے کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔