راولپنڈی۔7ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقرار رکھا اور بلوچستان کو 27رنز سے شکست دیدی۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے مرحلے کے آخری روز ٹورنامنٹ کا پندرہواں میچ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مابین کھیلاگیا،
خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں ٹورنامنٹ کاسب سے بڑا سکور 201رنز بنایا، خیبرپختونخوا کی جانب سے کامران غلام نے 57رنز، صاحبزادہ فرحان نے 48 رنز، محمدسرورآفریدی نے ناٹ آئوٹ 38رنز اور عامرعظمت نے ناٹ آئوٹ 22رنز بنائے۔
بلوچستان کی جانب سے کاشف بھٹی اورحارث سہیل نے 2،2جبکہ خرم شہزاد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پہاڑ جیسے ٹارگٹ کے جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 18.5اوورز میں 174رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ بلوچستان کے یاسرشاہ 44 رنر، حارث سہیل 39رنر، حسین طلعت 24 رنزاور کاشف بھٹی 24رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے محمدعمران جونیئر نے 4،
عمران خان سنیئر نے اور محمدسرورآفریدی نے 2،2جبکہ ارشداقبال اور خالدعثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔خیبر پختونخوا نے محمدسرور آفریدی کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔