نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی روز نادرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی

172

راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے روز نادرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے اپنے، اپنے میچز جیت لئے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے ۔پہلے میچ میں نادرن نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی اننگز کا آغاز بھی آئیڈیل نہ تھا۔

اوپنر عمر امین صرف 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حیدر علی نے پہلے ذیشان ملک ، پھر شاداب خان اور پھرروحیل نذیر کے ہمراہ بالترتیب 49، 10 اور 16 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے چھٹے نمبر پر میدان میں آکر 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

انہوں نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے حیدر علی کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔بلوچستان کے یاسر شاہ، عاکف جاوید، عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو چھ کے انفرادی اسکور پر کپتان امام الحق پویلین واپس لوٹ گئے۔

اس کے بعد بلوچستان کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کی آدھی ٹیم محض 70 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔عبدالواحد بنگلزئی اور اکبر الرحمٰن 24،24 جبکہ بسم اللہ خان اور ایاز تصور بالترتیب 10 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں عماد بٹ نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ عماد بٹ 34 اور کاشف بھٹی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔

ناردرن کے حارث رؤف نے 18 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔زمان خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سکورر کے فرائض عدنان نے انجام دیئے۔ دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو36 رنز سے ہرا دیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے خیبرپختو نخوا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان 187 رنز بنائے۔

محمد رضوان نے 65 رنز، فخرزمان نے 26 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم مطلوبہ ہدف پورا نہ کرسکی بلکہ اس نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

محمد اخلاق نے 62 رنز، بابر اعظم نے 29 رنز اور احمد شہزاد نے 24 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عمران خان سنیئر اور ارشد اقبال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔