نیشنل ٹی 20 کپ، سینٹرل پنجاب نے دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کو 25 رنز سے شکست دے دی

202
President Trophy Grade
President Trophy Grade

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی 20 کپ، سینٹرل پنجاب نے دفاعی چیمپیئن خیبرپختونخوا کو 25 رنز سے شکست دے دی ، خیبرپختونخوا کی ٹیم 194 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ، صاحبزادہ فرحان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، خیبرپختونخوا کی یہ ایونٹ میں پہلی شکست ہے، سینٹرل پنجاب کے محمد فیضان کو 72 رنز اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ، اتوار کو ملتان سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 19ویں میچ میں سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، طیب طاہر نے 48 گیندوں پر 75 اور اوپنر محمد فیضان نے 36 گیندوں پر 7 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے ،

خیبرپختونخوا کے معاز خان نے 4 اور محمد عمران نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، خیبرپختونخوا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے ، صاحبزادہ فرحان 47، محمد سرور آفریدی 28 اور کپتان خالد عثمان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، سینٹرل پنجاب کی طرف سے عامر یامین ، حنین شاہ اور علی اسفند نے دو، دو جبکہ محمد فیضان، وقاص مقصود اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ، محمد فیضان کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔