نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن نے سدرن پنجاب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے ہرا دیا

73

راولپنڈی ۔6ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی 20 کپ کے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے ہرا دیا ، سدرن پنجاب کی ٹیم 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، زین عباس کی 81 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، عامر جمال اور زمان خان نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، عامر جمال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 14 ویں میچ میں ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے ، کپتان عمر امین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 52 رنز بنائے، عامر جمال نے 17 گیندوں پر 47 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ، مبصر خان 34، سہیل تنویر 17 اور ناصر نواز 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،

سدرن پنجاب کی طرف سے ثمین گل نے تین اور علی ماجد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، سدرن پنجاب کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، اوپنر بیٹر زین عباس نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 46 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے ، سدرن پنجاب کے دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے

، کپتان سلمان علی آغا 5، محمد شہزاد 28، ذیشان اشرف 3، شارون سراج 9، محمد عمران 24 اور حسن خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ناردرن کی طرف سے عامر جمال اور زمان خان نے تین، تین جبکہ سہیل تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، عامر جمال کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، واضح رہے کہ نادرن کی یہ پانچ میچ کھیل کر دوسری کامیابی ہے۔