راولپنڈی۔13اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹی 20 کپ کے اہم میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے ہرا کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے، میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، سندھ کے دانش عزیز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 72 رنز بنائے، اس شاندار پرفارمنس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، منگل کو یہاں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 23 ویں میچ میں خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، عثمان شنواری 36 (ناٹ آﺅٹ) اور مصدق احمد 25 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد حسنین، سہیل خان اور حسن خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں سندھ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دانش عزیز کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، دانش عزیز نے 47 گیندوں پر چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 72 رنز بنائے، انور علی 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، عثمان شنواری نے تین اور عمران خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، دانش عزیز کو مرد میدان قرار دیا گیا، سندھ کی یہ ایونٹ میں چوتھی فتح ہے اور وہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔