کراچی۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت نیشنل پاور پلانٹس کی نجکاری کے سلسلے میں بینک سربراہان کے ساتھ ایک اجلاس جمعہ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری نجکاری،مختلف بینکوں کے صدور اور سٹیٹ بنک کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کیلئے ڈیٹ ری فنانسنگ پر گفتگو کی گئی اوروزارت نجکاری کی طرف سے بینک سربراہان کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دئیے گئے ۔ اجلاس میں نیشنل پاورپارکس مینجمنٹ کمپنی( این پی پی ایم سی ایل) کی ڈیٹ ری فنانسنگ کے بارے میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گی۔
اجلاس میں بینکوں کی طرف سے دی گئی تجاویز پر عمل کیلئے مزید اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ پاور پلانٹس کی نجکاری بہت بڑی ٹرانزیکشن ہوگی،نجکاری کمیشن تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے ۔