نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد کا سانگھڑ کا دورہ

132
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد کا سانگھڑ کا دورہ
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد کا سانگھڑ کا دورہ

حیدرآباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد نے سانگھڑ کا دورہ کیا ہے۔حکومت سندھ اور صوبائی وزیر محکمہ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی دعوت پر صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی کی قیادت میں آئے ہوئے صحافیوں کے وفد کا سانگھڑ پہنچنے پر پاکستان پیپلز پارٹی رہنما راجیش کمار ہرداسانی اور محکمہ اطلاعات سانگھڑ کے عملے نے استقبال کیا۔ وفد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران جن میں شاہ محمد ڈیتھو، عون شیرازی، سحرش قریشی، عامر بٹ سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران بھی شامل تھے۔

راجیش کمار ہرسادانی نے وفد کو سندھ کی روایتی سوغات اجرک اور لونگی کے تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر وفد میں شامل صحافیوں نے سندھ کے انفراسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکھر سے سانگھڑ تک سفر میں بہترین سڑکیں ہیں۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ اطلاعات کے افسران اور پی پی پی رہنما راجیش کمار ہرسادانی نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سانگھڑ ضلع میں بہترین سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کے لیے اسکیمیں اور اچھڑو تھر میں پائپ لائن کے ذریعے پانی کی اسکیموں سمیت دیہی علاقوں میں بنیادی صحت مراکز کو اپگریڈ کر کے صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آبپاشی کے نظام کو بھی بہتر کیا گیا ہے جس سے زرعی شعبے کو فائدہ ہو رہا ہے۔

راجیش کمار نے مزید بتایا کہ سندھ میں اقلیتی برادری کو تمام حقوق حاصل ہیں اور سرکاری اسکیموں میں مندروں اور گرجا گھروں کے لیے بھی فنڈز مہیا کیے جاتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ سیکریٹری نیشنل پریس کلب اسلام آباد سحرش قریشی نے کہا کہ سندھ میں ملے ہوئے محبت، پیار کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت اور محکمہ اطلاعات کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی دعوت پر سندھ آئے ہیں سکھر سے تھرکول تک ہمارا سفر ہے۔ سحرش قریشی نے سندھ کے روڈ انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر ترقیاتی کاموں کی تعریف کی۔ بعد ازاں وفد نے پریس کلب سانگھڑ کا بھی دورہ کیا۔ کل وفد میرپورخاص اور تھرکول کے لیے روانہ ہوگا۔