
لاہور۔27 جنوری(اے پی پی )نیشنل کالج آف آرٹس کے 14 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب اتوار کے روز ےہاں این سی اے میں منعقد کی گئی جس میں دنیائے فن کی نامور شخصیات نے شرکت کی ‘ این سی اے کی کنٹرولنگ اتھارٹی وفاقی وزیربرائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھے جبکہ شریک مہمان خصوصی کے طور پر معروف ماہر تعلیم اور دانشور سیدہ عارفہ زہرہ نے صدارت کی‘وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے کہاکہ این سی اے پاکستان کا قدیم تاریخی تعلیمی ادارہ ہے‘ ہمیں اس ادارے پر فخر ہے‘ اس نے بہت سے نامور آرٹسٹ دنیا کو دیئے ہیں جن سے آج پاکستان کا نام سربلند ہے انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت کرکے انہیں بہت خوشی ہوئی ہے ، کانووکیشن میں مختلف شعبوں کے 2013ءسے 2016ءکل 601 پاس ہونیوالے گریجوایٹ طلباءو طالبات کو اسناد تقسیم کی گئیں جن میں پرنسپل اورنر 67 گولڈ میڈل 4 جبکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات کو 34 ایوارڈز بھی دیئے گئے‘ تقریب میں پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کالج کے مختلف شعبوں میں ہونیوالی تبدیلیوں اور فنون لطیفہ کے ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ ہونیوالے معاہدوں کے بارے میں بھی بتایا‘ پرنسپل این سی اے نے فیکلٹی ٹریننگ‘ آرٹسٹ ریزڈینسی پروگرام‘ سولر پینل‘ کالج ہاسٹل کی نئی بلڈنگز‘ بائیو میٹرک سسٹم‘ نئی فیکلٹی‘ اسٹوڈیوز اور کالج سکیورٹی سمیت شعبوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر اقدامات کے حوالے سے بتایا۔کانووکیشن میں کالج سے منسلک شعبوں کے صدور اور دیگر شعبوں کی اہم شخصیات جنہوں نے اپنے شعبہ جات میں رہ کر عمدہ اور قابل ستائش خدمات سرانجام دیںکو بھی کالج کی طرف سے مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔