اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سکلز ڈیویلپمنٹ کیمپ کا آغاز 17 جون سے کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اس بیس روزہ کیمپ میں مجموعی طور پر 47 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جنہیں تین مرحلوں میں بلایا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 16 جون سے شروع ہو گا جس میں 15 باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں جن کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے ان میں ابرار احمد، احمد دانیال، بابر اعظم، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، عامر جمال، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ دوسرا مرحلہ 23 جون سے اور تیسرا مرحلہ 30 جون سے شروع ہو گا۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کیمپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ کھلاڑیوں کو نہ صرف فٹنس میں بہتری کا موقع فراہم کرے گا بلکہ کھیل کے دیگر اہم پہلوؤں جیسے تکنیک، حکمت عملی اور ذہنی مضبوطی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی۔
عاقب جاوید کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قومی مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ یہ کیمپ پاکستان کرکٹ کی طویل مدتی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو۔