نیشنل کریکولم کونسل کا درسی کتب کے جائزہ کے عمل کو معیاری بنانے کے لئے 2 روزہ ورکشاپ کا انعقاد

106
نیشنل کریکولم کونسل کا درسی کتب کے جائزہ کے عمل کو معیاری بنانے کے لئے 2 روزہ ورکشاپ کا انعقاد

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے نیشنل کریکولم کونسل (این سی سی) ونگ نے دو روزہ ورکشاپ بعنوان “درسی کتب کے جائزے کے عمل کو معیاری بنانا” کا آغاز کر دیا ہے ۔ ورکشاپ کا مقصد درسی کتب کے جائزے کے عمل کو بہتر اور معیاری بنانا ہے تاکہ تعلیمی نصاب کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے۔

ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں ڈائریکٹر این سی سی ڈاکٹر تبسم ناز نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے درسی کتب کے جائزے کے لئے ایک عملی اور منظم طریقہ اپنانے پر زور دیا اور ماہرین و متعلقہ فریقین کی شرکت کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اس ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی نے اپنے خطاب میں نصاب اور درسی کتب کی تیاری کے بنیادی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درسی کتب نہ صرف علم کی فراہمی کا ذریعہ ہونی چاہئیں بلکہ طلبہ کے لئے حقیقی دنیا کے مسائل کو سمجھنے میں مددگار بھی ثابت ہوں۔ انہوں نے اساتذہ اور نصاب سازوں پر زور دیا کہ وہ درسی کتب میں ہر باب کے تعلیمی مقصد اور اس کی عملی افادیت کو واضح کریں تاکہ طلبہ سیکھنے کے عمل کو بامعنی انداز میں سمجھ سکیں۔

محی الدین احمد وانی نے مزید کہا کہ درسی کتب میں گیمنگ (Gamification) اور کہانی سنانے جیسی جدید تکنیکوں کو شامل کیا جائے تاکہ طلبہ کی توجہ اور دلچسپی برقرار رہے۔ اسی طرح انہوں نے تجرباتی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے عملی اور مشاہداتی سرگرمیاں شامل کرنے پر بھی زور دیا تاکہ طلبہ سیکھنے کے عمل کو عملی تجربات کے ذریعے بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

انہوں نے جدید تعلیمی رجحانات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ درسی کتب میں کیو آر کوڈز شامل کئے جائیں تاکہ طلبہ کو اضافی تعلیمی وسائل تک آسان رسائی حاصل ہو سکے اور وہ نصاب سے متعلق مزید تحقیقی مواد سے مستفید ہو سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پرائمری سطح کی درسی کتب کو رنگین شائع کرنے کی تجویز دی تاکہ طلبہ کے لئے سیکھنے کا عمل مزید دلچسپ اور مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نصاب میں روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسے جدید موضوعات کو شامل کیا جائے تاکہ طلبہ کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکے۔دو روزہ ورکشاپ کے دوران ماہرین اور شرکاء مختلف موضوعات پر تفصیلی بحث کریں گے جن میں نصاب کی تیاری، درسی کتب کے ڈیزائن اور جائزے کے طریقہ کار شامل ہیں۔ اس موقع پر درسی کتب کے مؤثر جائزے اور تعلیمی مواد کے ارتقا ءکے بہترین طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔

وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ درسی کتب بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہوں اور طلبہ کی موجودہ اور مستقبل کی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں۔ یہ ورکشاپ درسی کتب کے معیار اور ان کی افادیت کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ملک بھر میں طلبہ کی ہمہ جہتی تعلیمی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔