اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) کورونا وائرس کی روک تھام بارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے سے قبل آئی ٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ این سی او سی نے منگل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے کیے گئے ان اقدامات کا جائزہ لیا جن میں اسکولوں کے دوبارہ کھولے جانے سے قبل اس وائرس کے پھیلنے کے حوالے سے نگرانی کے لئے سمارٹ ایپلی کیشنز وغیرہ شامل ہیں۔فورم کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے ذریعہ تیار کردہ ایپلیکیشن کی صورتحال کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔فورم کو بتایا گیا کہ اس ایپلیکیشن کو 12 ستمبر سے پہلے تیار کیا جائے گا جس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے اعداد و شمار کو مربوط کرنے کی خصوصیت بھی موجود ہوگی۔فورم نے وبائی چارٹ اور قومی سیروپریویلینس سروے کا بھی جائزہ لیا۔