اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ نیشنل کمیشن فار دی سٹیٹس آف ویمن کی چئیرپرسن کیلئے سمری بجھوادی گئی ہے،کمیشن کے زیراہتمام جینڈرپیریٹی رپورٹ شائع ہوچکی ہے۔جمعرات کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹرشازیہ صوبیہ کے سوال پرپارلیمانی سیکرٹری صباصادق نے ایوان کوبتایا کہ خواتین ملکی آبادی کانصف حصہ ہے آئین اورقران وسنت میں ان کے حقوق دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کمیشن ان ڈی سٹیٹس آف ویمن کی چئیرپرسن کیلئے سمری بجھوادی گئی ہے،اس وقت عبوری بنیادوں پرچئیرپرسن کام کررہی ہے،نئی تعیناتی کاعمل جلدمکمل ہوگا،کمیشن کابورڈ کام کررہاہے اوراس کے اجلاس باقاعدگی سے منعقدہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ این سی ایس ڈبلیوکاکام وسیع پیمانے پرہے، ادارہ کاکام خواتین کے مسائل کوحل کرنا ہے،خواتین پرہرقسم کے تشددکی روک تھام بھی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیشن کامتعلقہ صوبائی وزارتوں کے ساتھ بھی باقدگی کے ساتھ میٹنگزہوتی ہیں، تمام صوبے اس کے ساتھ ڈیٹاشئیرکررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس ادارے کی تشہیرمیں تیزی لاناچاہیے اورخواتین کوبھی علم ہوناچاہییے کہ ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک ادارہ موجودہے، کمیشن کی جانب سے ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے۔نفیسہ شاہ کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت میں خواتین کے کوٹہ سے متعلق اعدادوشمارسے ایوان کوآگاہ کردیا جائیگا، ہم سمجھتے ہیں کہ خواتین کوان کاحق ملنا چاہیے۔
زرتاج گل کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ اگرکوئی بھی پاکستانی شہری خواہ وہ مردہوں یاخاتون قانون کی خلاف ورزی کرے گا تواس کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔نزہت صادق کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ کمیشن کے اراکین جیلوں کادورہ کرتے ہیں اوروہاں پرمقیم خواتین سے ملاقاتیں کرتے ہیں،خواتین قیدیوں کوقانونی معاونت کے علاوہ سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کمیشن کے زیراہتمام جینڈرپیریٹی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں تمام ڈیٹا موجودہے،یہ رپورٹ جلدپارلیمان میں پیش کی جائیگی۔