نیشنل گیمز، تھرو بال ایونٹ کیلئے پنجاب کی مرد اور خواتین کی مضبوط ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا، رانا سجاد اکبر

96

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) پنجاب تھروبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا سجاد اکبر نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں تھرو بال ایونٹ کیلئے پنجاب کی مرد اور خواتین کی مضبوط ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب مرد اور خواتین کی ٹیموں کے چناؤ کیلئے تین روزہ ٹرائلز میں فیصل آباد میں منعقد ہوئے جس سے تربیتی کیمپ کیلئے میں 30، 30 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ٹرائلز میں پنجاب بھر سے نو ڈویژن کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ملتان اور ساہیوال شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کی تیاری کیلئے مرد اور خواتین کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس فیصل آباد میں جاری ہے اور ان کھلاڑیوں کو کوچز جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی مرد اور خواتین ٹیموں کا اعلان میرٹ کی بنیاد پر آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ رانا سجاد نے کہا کہ نیشنل گیمز 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک پشاور میں کھیلی جائیں گی جس میں مردوں اور خواتین کی چھ، چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، مردوں کی ٹیموں میں پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا جبکہ خواتین کی ٹیموں میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کلیگن کی ٹیمیں شامل ہیں۔