اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):مواصلات کے شعبہ کی ترقی اور قومی و بین الاقوامی رابطوں کے فروغ کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اہم شاہراہوں کے105 منصوبوں کی تعمیر پر کام جاری ہے، جن میں 90 جاری اور 15 نئے منصوبے شامل ہیں۔پیر کو جاری اقتصادی سروے دستاویز کے مطابق ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کا شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے نہایت اہم ہے۔
حکومت کی جانب سے اس شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور جدید منصوبوں کا آغاز ملک کو ایک مضبوط اور مربوط انفراسٹرکچر فراہم کرے گا، جس سے طویل المدتی معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ یہ انفراسٹرکچر ترقیاتی منصوبے، اسکیمیں مختلف مراحل میں ہیں۔ این ایچ اے کے زیرِ تکمیل ہیں جن میں ضلع چاغی میں دلبدین۔زیارت۔بالانوش شاہراہ کی تعمیر، جھلجا-بیلا سڑک کی بحالی اور بہتری اورہکلہ -ڈی آئی خان موٹروے کی تعمیر جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔
اسی طرح ہزارہ موٹروے پر ایبٹ آباد اور شیروان روڈ کو جوڑنے کے لیے ایک انٹرچینج کی تعمیر ، مارگلہ ہائی وے کو جی ٹ روڈ این۔ 5) سے موٹروے (ایم-1) تک پنجاب کی حدود میں توسیع اورموجودہ 4 لین سپر ہائی وے کو 6 لین موٹروے (کراچی-حیدرآباد، ایم۔ 9) میں تبدیل کرنے، این۔ 5 فیز ونکے ترجیحی حصوں کی چوڑائی اور بہتری سمیت لواری ٹنل پراجیکٹ بھی شامل ہیں۔
مزید برآں امامیا کالونی ریلوے کراسنگ پر 8 لین اوور ہیڈ برج کی تعمیر، لاہور بائی پاس کی تعمیر،کالا شاہ کاکو اورلواری ٹنل پروجیکٹ کے الیکٹریکل اور مکینیکل کے منصوبوں سمیت متعدد اہم شعبوں پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں جس کا مقصد ملک میں روابط کا فروغ اور مواصلات کے شعبہ کی ترقی ہے۔