اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے ایم ٹو اسلام آباد سے لاہور ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیاہے جس کا اطلاق 26 اگست 2023 سے ہوگیاہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں صارفین کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ 23 اپریل 2014 کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ایف ڈبلیو او کے ذیلی شعبہ میسرز موٹر وے آپریشنز اینڈ ری ہیبلی ٹیشن انجئنئرنگ (پرائیویٹ) لیمیٹڈ کے ساتھ ایک رعایتی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ایم ٹو کو 20 سال کے لئے تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر استوار کرنے اور مرمت کے سلسلہ میں بنائو ، چلائو اور حوالے کرو کی بنیاد پرمذکورہ ادارے کوسونپا گیا تھا اس رو سے دوسری آپریشنل مدت کے لئے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
نئے ٹول ٹیکس کی شرح 26 اگست 2023 سے 25 گست 2024 تک نافذ العمل ہو گی ۔ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی کاروں سے1100 روپے (فی کلو میٹر 3.07 روپے) ، ویگنوں سے 1840 روپے (فی کلو میٹر 5.15 روپے) ، کوسٹر سے 2590 روپے (7.22 روپے فی کلو میٹر)،بسوں سے 3690 روپے (10.29 روپے فی کلو میٹر)، ٹرکوں سے 4800 روپے (13.39 روپے فی کلومیٹر)، ٹرالر سے 6170 روپے ( 17.22 روپے فی کلومیٹر) ٹول ٹیکس وصول کیا جائیگا۔