اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) نے جڑواں شہروں کے مکینوں کے لئے گھر کی دہلیز پر موثر ، قابل رسائی طبی خدمات کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس حوالہ سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز رواں سال متوقع ہے جسے ابتدائی طور پر چند منتخب علاقوں سے شروع کیا جائے گا اور بعد ازاں اس پراجیکٹ کو مرحلہ وار جڑواں شہروں کے بیشترعلاقوں تک وسعت دی جائے گی۔
شہریوں کو مختص فون لائنوں اور ویڈیو لنک کی سہولت کے ذریعے ڈاکٹر صاحبان اور ٹیلی۔میڈیسن تک رسائی حاصل ہوگی ۔ نمز ہیلتھ کیئر مریضوں کے ان کے گھروں میں معائنہ، ادویات کی گھروں میں فراہمی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے سیمپل اکٹھا کرنے کی سہولیات فراہم کرے گی۔نمز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نمز قوم کی خدمت کے عزم کے ساتھ صارفین کے ٹیسٹ سمیت تمام خدمات مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر فراہم کرے گی۔ مریض کی ضرورت کے پیش نظرکنسلٹیشن کی خدمات کی فراہمی کے لئے آن۔کال سپیشلسٹ بھی دستیاب ہوں گے۔ معالج کے مشورے کے لئے وقت لینے ، تشخیصی رپورٹس اور صحت سے متعلق آگاہی اور فروغ کی سہولیات کے حصول کے لئے مریضوں کو ای۔ایپلی کیشن (موبائل ایپس) کی سہولت دستیاب ہوگی۔
نمز نے یہ فیصلہ ایک سال کی منصوبہ بندی اور ہیلتھ کیئر ٹیموں کی جانب سے لوگوں کی صحت کی ضروریات کے تخمینہ بالخصوص کووڈ۔19 کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر جڑواں شہروں کے مختلف حصوں میں سروے کے بعد کیا ہے۔سروے میں کم از کم 97 فیصد لوگوں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ معاشرے کو خصوصا بزرگ شہریوں اورخواتین یا ایسے افراد جو جسمانی اعتبار سے ڈاکٹر کے پاس آنے جانے سے بھی قاصر ہوتے ہیں کے لئے ایسی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی ضرورت ہے۔
جڑواں شہروں کے شہری علاقوں کے تقریبا 7.4 ملین نفوس کی صحت کی ضروریات کو سرکاری و نجی صحت کی سہولیات کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے جو غیر معیاری خدمات، متعلقہ معلومات نہ ہونے اور صحت کے شعبہ پر بڑھتے ہوئے دبا ئو کی وجہ سے زیادہ موثر نہیں رہااور اس کی وجہ سے ثانوی سطح پر صحت کے شعبہ پر بت تحاشا دبائو ہے۔نمزکے مصدقہ ہوم ہیلتھ کیئر معاون پروگرام کے تحت یونیورسٹی اپنی ٹیموں کی تربیت کے ذریعے معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے ہنر مند ہیلتھ ورکرز کی ٹیمیں بھی تیار کرسکے گی۔