اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں ’’آرٹ آف پیرنٹنگ‘‘ پر اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں شراکتی تنظیموں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک، قائداعظم یونیورسٹی سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی، آغا خان یونیورسٹی اور دختران پاکستان نے شرکت کی جبکہ پالیسی فریم ورک پر تبادلہ خیال اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے وزارت اطلاعات، وزارت انسانی حقوق، وزارت صحت اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اہم نمائندے بھی اجلاس کا حصہ بنے۔ اجلاس میں ٹرینر ٹریننگ کے لیے گائیڈ بکس آغوش اور پرورش پر جامع بات چیت کی گئی، یہ گائیڈ بکس پیدائش سے لے کر 19 سال تک کی عمر تک بچوں کی نشوونما اور دیکھ بھال کے ضروری پہلوؤں کا احاطہ کریں گی، جس میں ضروری توجہ، پرورش کے لیے ضروری خصائص، اور مختلف ترقیاتی مراحل کے لیے مناسب علاج کی تفصیل دی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے تمام شراکت دار تنظیموں کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ معذور بچوں، ٹرانس جینڈر بچوں کی نشوونما اور جنسی استحصال کے بعد آبادکاری پر توجہ مرکوز کرنے والے خصوصی ابواب ان گائیڈ بک کا حصہ لازمی بنائے جائیں۔ شرکاء نے گائیڈ بکس کے ابواب کا گہرائی سے جائزہ لیا اور قیمتی تجاویز پیش کیں۔ پالیسی کا باضابطہ آغاز اور مختلف شراکت داروں کو کاموں کی تقسیم پر بھی مشاورت کی گئی۔ مختلف وزارتوں سے نئے شامل ہونے والے نامزد افراد کی شمولیت کو بڑھانے پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ انہیں اس قومی مقصد میں اپنی مہارت کا حصہ ڈالنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔