فیصل آباد۔ 28 دسمبر (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادڈاکٹر محمد عابدخان نے سی پی او فیصل آباد، ڈی پی اوزجھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینوٹ کو نیوائیر نائٹ کے موقع پر امن امان کے قیام اور کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچاؤ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی شر پسند اور ملک دشمن عناصر کو ان کے مذمو م مقا صدمیں کامیاب کرنے میں مدد دے سکتی ہے لہٰذا من مان کے قیام، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کیلئے ضروری ہے کہ تمام ضلعی سربراہان پولیس درج ذیل سکیورٹی انتظامات عمل میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ سی پی او اورڈی پی اوزصاحبان جامع سکیورٹی پلان مرتب کریں اور تمام ایس ایچ اوزکو بریف کریں کہ وہ دوران نیوائیر نائٹ موٹرسائیکل اور موبائل پٹرولنگ کو مؤثر بنانے کیلئے انہیں وقتاً فوقتاً چیک کریں اوراس مقصد کیلئے مختلف چیکنگ پوائنٹس مقر ر کئے جائیں جبکہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے، ہلڑبازوں اور ون ویلروں کے خلاف مقدمات کا اندراج عمل میں لایاجائے نیزشر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی نقل وحرکت کو محدود کر نے کیلئے اہم چوراہوں اور گزر گاہوں پر ناکہ بندی پوائنٹس وپکٹ ڈیوٹی لگائی جائے اور مارکیٹوں عوامی اور تفریحی مقامات، پارکوں اور ریسٹورنٹس پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے اورجہاں ضرورت ہو سفید پارچات اور لیڈی پولیس کو تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی اوفیصل آباد دوران نیوئیر نائٹ ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی پلان تیار کریں جس کے ساتھ ساتھ اہم عمارات اور حساس تنصیبات اورعبادت گاہوں کی سکیورٹی ڈیوٹی کو وقتاً فوقتا ًچیک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ،کیو آر ایف اور ایمرجنسی سروسز کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے نیزخفیہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ کسی بھی تھریٹ الرٹ کی صورت میں ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی اوفیصل آباد اورڈی پی اوزجھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینوٹ دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔