لاہور۔13اپریل (اے پی پی):پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز)میں مریض دوست اقدامات اٹھانے پر مریضوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، رواں سال جنوری تا مارچ تک آئوٹ ڈور اور ایمرجنسی میں 50639مریضوں کو پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس امر کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے سہ ماہی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر عمر اسحاق، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم، ڈاکٹر عدنان خالد، ڈاکٹر اسد شاہ و دیگر انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔ ایم ایس ڈاکٹرعمر اسحاق نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیورو سرجری اور نیورالوجی آئوٹ ڈور میں 46735مریض آئے جن کا سینئر ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کیا اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ایمرجنسی میں 3904مریض آئے نیز 761مریضوں کے آپریشن بھی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئے۔
پروفیسر آصف بشیر نے انتظامی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ مانیٹرنگ اور فیڈ بیک کے نظام پر اور ہیلتھ کئیر کمیشن کے واضح کردہ ایس او پیز پرعملدآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹیم کے ارکان کو شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ ہیلتھ پروفیشنلز پنز مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے فرائض منصبی پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ سر انجام دیتے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581204