ویلنگٹن۔ 27جولائی (اے پی پی) نیوزی لینڈ کے رواں سال ستمبر انتخابات کے لیے ہونے والی سروے میں وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کی مقبولیت بڑھ کر 60 فیصد سے زائد تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد ان کی انتخابات میں جیت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نیوزی لینڈ کے رواں سال 19 ستمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل مقامی نیوز پروگرام نیوز ہب کی جانب سے کرائے جانے والے سروے میں وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی مقبولیت بارے عوام کی رائے لی گئی جس میں رواں سال کورونا وباءکے دوران وزیراعظم کی قائدانہ کوششوں کو عالمی سطح پر سراہے جانے کے بعد ان کی جماعت لیبر پارٹی کی مقبولیت بڑھ کر 60.9% فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی قیادت کی مقبولیت پارٹی میں ہونے والی تبدیلیوں اور سکینڈلز کے باعث 25.1 فیصد رہی۔ سروے کے مطابق 40 سالہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی خود کی مقبولیت 62 فیصد رہی جبکہ اپوزیشن جماعت کے نئے منتخب لیڈر 61 سالہ جوڈتھ کولنز کی مقبولیت صرف 14.6 فیصد رہی۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے سروے کے نتائج کے جواب میں کہا کہ یہ عوامی مقبولیت کورونا وائرس سے بچاﺅ اور بحالی کے حکومتی اقدامات کے لیے عوامی پزیرائی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے چیئرمین گیری براﺅن لی نے اس سروے کو بددیانتی پر مبنی قرار دیا ہے۔