دبئی۔12نومبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ساتویں آئی سی سی مینز ٹی ۔20 کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل میچ 14 نومبر کو انٹرنیشنل سٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا ، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ کینگروز کی قیادت آرون فنچ کریں گے۔
اس سے قبل نیوز ی لینڈ کی ٹیم نے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کو 5وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 5 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ۔ دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ورلڈ کپ کا فاتح ہوا وہ پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرے گا۔اس سے قبل بھارت، پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا نے ایک ایک جبکہ ویسٹ اندیز کی ٹیم دو مرتبہ جیت چکی ہے۔
دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔ بھارت نے 2007،پاکستان نے 2009،انگلینڈ نے 2010،ویسٹ انڈیز 2012 میں پہلا،سری لنکا نے 2014 جبکہ ویسٹ اندیز نے دوسری مرتبہ 2016کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں میں سے جو بھی جیتا وہ پہلی مرتبہ آئی سی سی مینز ٹی ۔20 کرکٹ ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرےگی۔آئی سی سی مینز ٹی ۔20 کرکٹ ورلڈکپ 2021 کی دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم سپر 12 سے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔\