نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11دسمبر سے شروع ہوگا

125

ولنگٹن۔7دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور ویسٹ اندیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11دسمبر سے ولنگٹن میں شروع ہوگا۔ نیوزی لینڈ کو مہمان ٹیم کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے۔ کیوی ٹیم نے ویسٹ انڈین ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 134رنز سے شکست دی تھی۔ یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میزبان ٹیم نے2-0سے اپنے نام کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کالی آندھی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 72رنز سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی جبکہ دو نوں ٹیموں کے درمیان مائونٹ مانگنوئی کے مقام پر شیڈول تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 11سے 15دسمبر تک ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل رائونڈر جیسن ہولڈر کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم مایہ ناز اوپننگ بلے باز کین ولیمسن کے زیر قیادت میدان میں اترے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔