آکلینڈ۔16دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل (جمعہ کو) آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ نائٹ ہوگا اور برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ تین بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 20دسمبر کو ہملٹن میں کھیلا جائے گاجبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 22دسمبر کو نیپیئر میں شیڈول ہے۔تینوں میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26سے 30دسمبر تک مائونٹ مانگنوئی میں کھیلا جائے گاجبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3سے 7جنوری تک کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں انجری مسائل کے شکار بابر اعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان کرکٹ ٹیم شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ کین ولیم سن کی غیر موجودگی میں میزبان ٹیم کی قیادت مچل سینٹنر کریں گے۔