ڈونیڈن ۔ 7 مارچ (اے پی پی) روز ٹیلر کی شاندار اور جارحانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی، میزبان ٹیم نے 336 رنز کا ہدف 49.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، روز ٹیلر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 181 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، لاتھم 71 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 335 رنز بناکر کیویز کو میچ میں کامیابی کےلئے 336 رنز کا ہدف دیا، جونی بائرسٹو اور جو روٹ نے سنچریاں سکور کیں تاہم انکی سنچریاں رائیگاں گئیں