رانچی۔27جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 21 رنز سے شکست دے دی، بھارتی ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا پائی، ڈیرل مچل کو 59 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کو رانچی میں کھیلے گئے تین ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنزبنائے۔ اوپنرز فن ایلن اور ڈیون کونووے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ کونوے 35 بالوں پر 52 رنز اور ایلن 23 بالوں پر 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل نے 30 بالوں پر 59 رنزکی جارحانہ ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل ہیں۔ بھارتی بائولر واشنگٹن سندر نے دو، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور شیام ماوی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے 156 رنزکے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ جب اس کے تین مستند بیٹرز 15 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، اسکے کچھ دیر بعد ہی سوریا کمار یادیو 47 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آئوٹ ہوگئے۔ کپتان ہارڈک پانڈیا 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، واشنگٹن سندر نے 28 بالوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح کی امیدوں کو برقرار رکھا تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد دیگر کوئی بیٹر کیوی بائولرز کا سامنا نہ کر سکا۔ نیوزی لینڈ کے مچل بریسویل، مچل سنٹنر اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیکب ڈفی اور ایش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میں فتح حاصل کرکے میزبان بھارت پر 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔