نیوزی لینڈ نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 117 رنز سے ہرا دیا

87

کرائسٹ چرچ۔11جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 117 رنز سے ہرا دیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز 1-1 سے برابر رہی، ٹرینٹ بولٹ کو میچ اور ڈیون کونوے کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 278 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔

لٹن داس نے 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر نیوزی لینڈ کی مضبوط بائولنگ کو جم کر نہ کھیل سکا۔ شادمان اسلام 21، محمد نعیم 24 ، نجم الحسن شانتو 29 ، کپتان مومن الحق 37 ، یاسر علی 2 ، نور الحسن 36 ، مہدی حسن میراز 3 ، شریف الاسلام صفر اور عبادت حسین 4 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کائل جمیسن نے چار اور نیل ویگنر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 521 رنز کے جواب میں 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، اس طرح مہمان ٹیم کو اننگز اور 117 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرایا تھا ، دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچز کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔