نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو ہرا کرسیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کر لی

106
Bangladesh vs New Zealand
New Zealand and Bangladesh

نیلسن۔20دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 7وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ،نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 292 رنز کا مطلوبہ ہدف 46.2اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بنگلہ دیش کے سومیا سرکار نے 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے ، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔نیلسن کے مقام پر کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 291 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے کیوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 292 رنز کا ہدف دیا۔ سومیا سرکار نے 169 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 22 چوکے شامل تھے۔ وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم 45 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے جیکب ڈفی اور ولیم اورورکے نے تین تین جبکہ ایڈم ملن،جوش کلارکسن اور آدتیہ اشوک نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 46.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہنری نکولس 95، ول ینگ 89 اور راچن راویندرا 45 رنز کے ساتھ نمایاں بلےباز رہے۔ کپتان ٹام لیتھم نے ناقابل شکست 34 رنز سکور کیے۔

کیوی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاسل کرلی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے دو جبکہ شرفل الاسلام نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے سومیا سرکار کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔