نیپئر۔29مارچ (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مارک چیپمین کی 132 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت 344 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ڈیرل مچل اور ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 44.1 اوور میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بابر اعظم 78 اور سلمان علی آغا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیتھن سمتھ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مارک چیپمین کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز میکلین پارک ، نیپئر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی 3 وکٹیں 50 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔ ول ینگ ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عاکف جاوید نے نک کیلی کو 15 کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ جبکہ ہینری نکولس کو 11 رنز پر کیچ آؤٹ کر دیا۔
اس موقع پر ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 199 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 249 تک پہنچا دیا۔ ڈیرل مچل 76 رنز بنا کر عرفان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مارک چیپمین نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور 132 رنز بنانے کے بعد عرفان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔
ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے ۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے دو، دو جبکہ نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ عثمان خان 39 اور عبداللہ شفیق 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
164 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی جب محمد رضوان 30 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اور سلمان علی آغا کے درمیان 85 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بابر اعظم 78 رنز بنا کر ول اوروک کا شکار بن گئے۔ طیب طاہر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ حارث رؤف ایک جبکہ عرفان خان اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
سلمان آغا نے 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے نیتھن سمتھ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیکب ڈفی نے دو جبکہ ول اوروک، مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 2 اپریل کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577150