ماؤنٹ مینگنوئی۔23مارچ (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو بآسانی 115 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان ٹیم 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 105 پر ڈھیر ہو گئی۔ عبدالصمد 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
جیکب ڈفی نے 4 اور زیکرے فاکس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فن ایلن کو 50 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔ فن ایلن نے 20 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ٹم سیفرٹ نے 22 گیندوں 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں ڈیرل مچل 29 اور مارک چیپمین 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، ابرار احمد نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.2 اوورز میں 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبدالصمد 44 اور عرفان خان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ان کے علاؤہ کوئی بھی بیٹر دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔ خوشدل شاہ 6 ، محمد حارث 2 جبکہ حسن نواز، کپتان سلمان علی آغا اور شاداب خان ایک ، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شاہین آفریدی اور حارث رؤف 6 ، 6 جبکہ عباس آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے تباہ کن بائولنگ کی اور 20 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زیکرے فاکس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575660