نیوزی لینڈ کا غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم،شہریوں کے تحفظ اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور

134

ولنگٹن۔16جنوری (اے پی پی):یوزی لینڈ نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے جمعرات کو ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں ناقابل فہم انسانی تکلیف کا باعث بنیں ، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی شرائط کو اب مکمل طور پر لاگو کیا جانا چاہیے، شہریوں کا تحفظ اور یرغمالیوں کی رہائی کو کوششوں میں سرفہرست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب غزہ میں انسانی امداد کی بڑے پیمانے پر، تیز رفتار، بلا روک ٹوک فراہمی ہونی چاہیے۔ انہوں نے پائیدار اور دیرپا امن کے حصول کے لیے فریقین سے دو ریاستی حل کی جانب بامعنی قدم اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عزم اس بات کو یقینی بنانے کی کلید ہے کہ تاریخ خود کو دہرائے نہیں ۔ واضح رہے کہ قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے بدھ کو اعلان کیا کہ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کے بعد غزہ میں یرغمالیوں کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ ■