نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان

147
New Zealand Cricket
New Zealand Cricket

ویلنگٹن۔3جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی )نے پاکستان کے خلاف رواں ماہ شیڈول 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا۔کین ولیم سن ٹی ٹونٹی سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق پاکستان کیخلاف 5 میچز کی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے 15 رکنی سکواڈ میں کین ولیم سن ، فن ایلن، مارک چیپ مین اور جوش کلارک سن شامل ہوں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ایڈم ملن اور ڈیرل مچل کے نام بھی شامل ہیں۔

گلین فلپس، مچل سینٹنر، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی اور ٹم ساؤتھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کیوی ٹیم میں میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن کی واپسی ہوئی ہے تاہم کپتان کین ولیم سن اور لوکی فرگوسن تمام پانچ میچز نہیں کھیلیں گے۔کین ولیم سن 5 میچز کی سیریز کا تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے، کین ولیم سن کی جگہ تیسرے میچ میں جوش کلارک سن شریک ہوں گے، کین ولیم سن کی عدم موجودگی میں مچل سینٹنر تیسرے میچ میں کپتان ہوں گے۔

لوکی فرگوسن کی جگہ ابتدائی دو میچز میں بین سیئرز حصہ لیں گے جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور جمی نیشم لیگز میں مصروفیات کی وجہ سے سیریز نہیں کھیلیں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کائل جیمی سن اور مائیکل بریس ویل مکمل فٹ نہیں جبکہ رچن روندرا کو سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے۔پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے لئے نیوزی لینڈ ٹیم کین ولیم سن (کپتان)، فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ڈیون کونوے (وکٹ کیپر)، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن ، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ایڈم ملن ، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، بین سیئرز اور لوکی فرگوسن پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز بالترتیب 12، 14، 17، 19 اور 21 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔