نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف پانچ ٹی20 سیریز کے لئےے سکواڈ کا اعلان، مائیکل بریسویل کپتان مقرر

152
New Zealand Cricket
New Zealand Cricket

ویلنگٹن۔12مارچ (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت مائیکل بریسویل کریں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی )کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں رنرز اپ رہنے والی کیوی ٹیم کے 7کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔جو کیوی کرکٹرز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے جائیں گے اُنہیں بھی سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

آئی پی ایل کنٹریکٹ کی وجہ سے ڈیوون کونوے، رچن رویندرا، مچل سینٹنر، گلین فلپس اور لوکی فرگوسن قومی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔مائیکل بریسویل دوسری مرتبہ نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے۔اس سے قبل انہوں نے 2024 میں دورہ پاکستان کے لیے ٹیم کی قیادت کی تھی۔پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے کیوی سکواڈ میں بین سیئرز، ایش سودھی، کائل جیمیسن اور وِل رورک کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولر میٹ ہنری بھی چوتھے اور پانچویں ٹی20 کے لئے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔کیوی سکواڈ میں فِن ایلن، جمی نیشم اور ٹِم سائفرٹ بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔سپرسٹار کیوی بیٹر کین ولیمسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باعث سلیکشن کے لئے عدم دستیابی کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے لئے ٹی20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، فِن ایلن، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، زیکری فولکس ، مچل ہے، میٹ ہنری ، کائل جیمیسن ، ڈیرل مچل ، جمی نیشم، وِل او رُورک ، ٹِم روبنسن، بین سیئرز، ٹِم سائفرٹ اور ایش سودھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کا آغاز 16 مارچ سے ہوگا۔