نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے کوشش کریں گے،کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم

64

راولپنڈی۔16ستمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی 18 سال بعد پاکستان آمد خوش آئند ہے، ہم مہمان ٹیم کے خلاف ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا سکواڈ متوازی ہے اور انہیں نوجوان کھلاڑیوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

ہم کھلاڑیوں کو انفرادی اور اجتماعی حیثیت سے ٹیم میں ان کا کردار واضح کرنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سیریز کے پہلے میچ کے لئے اپنے بارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کردیا ہے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ کے لئے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔

میزبان ٹیم وائٹ بال کرکٹ میں کبھی بھی آسان حریف ثابت نہیں ہوتی، ان کے پاس محدود طرز کی کرکٹ کے بہت باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ سیریز میں کامیابی کے لئے ہمیں بہترین نتائج کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور حال ہی میں نیوزی لینڈ میں پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز کھیل چکے ہیں، لہٰذا ہمیں اس ٹیم کی قابلیت اور صلاحیت کا بخوبی اندازہ ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ ہم جلد از جلد ان کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرلیں تاکہ سیریز سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

سیریز میں شامل بقیہ دو میچز 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوجائیں گی جہاں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔