کرائسٹ چرچ ۔ 19 مارچ (اے پی پی)نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈرن نے پاکستانی نوجوان نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جس نے گزشتہ جمعہ کو کرائسٹ چرچ کی مسجد النور میں داخل ہونے والے آسٹریلوی دہشت گرد کو روکنے کی کوشش میں شہادت پائی۔ منگل کو پارلیمنٹ میں اسلام علیکم کے الفاظ کے ساتھ اپنے خطاب میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ نعیم رشید نے مسجد میں موجود دیگر لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے اپنی جان قربان کی جس کی بہادری اور جرات کو نیوزی لینڈ کی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا آسٹریلوی دہشت گرد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے لبوں پر اس کا نام لینا بھی گوارا نہیں کرتی وہ ایک مجرم ، دہشت گرد اور انتہا پسند ہے ۔