کراچی۔14جنوری (اے پی پی):پاکستانی بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میرے لیے بہت اہمیت کی حامل تھی، ورلڈکپ کی تیاری کر رہا ہوں، خود کو جلدی فٹ کرلوں گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے بعد گذشتہ روز انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ سیریز میرے لیے بہت اہمیت کی حامل تھی،
ٹیم کامبینیشن اچھا بناہے ورلڈکپ کے بعد یہ میری پہلی سیریز ہے، پاکستان کپ کے میچز میں نے درد میں کھیلے ہیں، اب پی سی بی کے تمام ٹیسٹ کر کے میں یہاں آیا ہوں، ورلڈکپ کی تیاری کر رہا ہوں ،خود کو جلدی فٹ کروں گا۔ تیسرے ون ڈے میں شکست پر انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن فلپ نے کیویز کو میچ جتوایا،ایسا لگ رہا تھا کہ فلپس مختلف کرکٹ کھیل رہا ہے،
ڈریسنگ روم میں ہم ولیمسن کے آئوٹ ہونے کا سوچ رہے تھے،نسیم شاہ ہوتا تو امید تھی وہ اچھی گیند کرتا۔نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے والے فخرزمان نے کہا کہ ماضی میں ہم اچھے میچ جیتتے رہے ہیں، ورلڈ کپ کے لیے بھی ہمارا اچھا کامبینیشن ہے ، دنیا میں ہماری فاسٹ بولنگ مانی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ آخری ون ڈے میں فخر زمان نے فیلڈنگ میں حصہ نہیں لیا کیونکہ انہیں ہیمسٹرنگ کا مسئلہ ہوا، ان کی جگہ طیب حارث کو فیلڈنگ کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ تیسرے ون ڈے میںاوپنر فخر زمان نے کیریئر کی 8ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔