نیپیئر ۔21دسمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست سے مایوسی ہے‘ ٹی ٹونٹی کے برعکس ہمارے پاس ٹیسٹ سکواڈ میں تجربہ کار فاسٹ بولرز اور بلے باز موجود ہیں، امید ہے کہ ہم ٹیسٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ پیر کو قومی ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان کے موقع پر بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں میزبان ٹیم نے اپنی ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ہم ہر شعبے میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لئے بہتر ہوگا کیونکہ 2021ءمصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت بھی کرنی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ سکواڈ قدرے تجربہ کار ہے‘ ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ بولرز اور بیٹسمین موجود ہیں، امید ہے کہ ہم ٹیسٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم کے لئے نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لئے واپسی سخت فیصلہ ہوگا، اس لئے انہیں پہلے ٹیسٹ میچ میں آرام کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔