ولنگٹن۔30اگست (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے مائوری بادشاہ توہیتیا پوٹاٹاو ٹی وہروہیرو VII انتقال کر گئے،ان کی عمر 69 سال تھی ۔ بی بی سی کے مطابق ترجمان راہوئی پاپا نے سوشل میڈیا پر کہا کہ بادشاہ توہیتیا پوٹاٹاو ٹی وہروہیرو VII کی موت مائوری اور پوری قوم کے پیروکاروں کے لیے انتہائی افسوس کا لمحہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہ اپنی تاجپوشی کی 18ویں سالگرہ منانے کے چند دن بعد دل کی سرجری کے لئے ہسپتال داخل ہوئے اور صحت یاب ہورہے تھے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ایک بیان میں کہا کہ ملک مائوری بادشاہ توہیتیا پوٹاٹاو ٹی وہروہیرو VII کے انتقال پر سوگ منائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وابستگی اور کنگتانگا کی اقدار اور روایات کو برقرار رکھنے کے لیے ان کی انتھک کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بادشاہ 1955 میں پیدا ہوئے۔ 2006 میں ان کی والدہ مائوری ملکہ تی اریکینوئی دیم تی اتیرنگی کاہوکی وفات کے بعد ان کی تاج پوشی کی گئی۔