اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی)نیوزی لینڈ کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیرخارجہ ونسٹن پیٹرس نے اتوار کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور گزشتہ جمعہ کو کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشتگرد حملوں میں9 پاکستانیوں کے جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے پر دلی تعزیت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے حملے کی مذمت کی اور اسے گھنائونا اور بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے 50 قیمتی جانوں کے نقصان اور 34 افراد کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور نیوزی لینڈ جیسے پرامن اور خوبصورت ملک کے ساحلوں تک پہنچ چکا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگری کا شکار ہے اور 70 ہزار سے زیادہ بے گناہ افراد کی جانوں کی قربانی دے چکا ہے جو پاکستان کے اس بیانیے کی تصدیق ہے کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کا کوئی مذہب نہیں اور اسے کسی مذہب سے منسوب نہیں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کو پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ سے میتیں پاکستان بھجوانے میں مکمل تعاون کرنے کی درخواست کی۔